کمپنی کی شاندار آفر آگئی، آسان قسطوں میں نئی سوزوکی آلٹو حاصل کریں

لاہور: سوزوکی پاکستان نے حبیب بینک لمیٹڈ کے تعاون سے صارفین کے لیے ایک نیا ایکسچینج پروگرام شروع کر دیا ہے جس کا مقصد گاڑی مالکان کو نئی سوزوکی آلٹو ماڈل پر باآسانی اپ گریڈ کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

اس پیشکش کے تحت صارفین اپنی پرانی گاڑی کو ٹریڈ اِن کر کے نئی سوزوکی آلٹو حاصل کر سکتے ہیں اور محض 9.99 فیصد مارک اپ ریٹ پر فنانسنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق صرف ماہانہ 18 ہزار 999 روپے کی ادائیگی پر گاڑی گھر لائی جا سکتی ہے تاہم اصل قسط کا تعین پرانی گاڑی کی قیمت کے حساب سے کیا جائے گا۔

اس اسکیم میں اقساط کا حساب ایک 21 لاکھ روپے مالیت کی فرضی گاڑی کی بنیاد پر لگایا گیا ہے جبکہ باقی رقم حبیب بینک لمیٹڈ فنانس کرے گا۔ سوزوکی کے مطابق یہ پروگرام صارفین کو سہولت فراہم کرنے اور آلٹو کی فروخت میں مزید اضافہ کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے کیونکہ آلٹو ملک میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی چھوٹی کاروں میں شامل ہے۔

پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کی اگست 2025 کی رپورٹ کے مطابق سوزوکی کی تین ہیچ بیک گاڑیاں آلٹو، کلٹس اور سوئفٹ نے ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر نمایاں بہتری دکھائی ہے جس سے مارکیٹ میں کمپنی کی مضبوط پوزیشن واضح ہوتی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق اگست 2025 میں سوزوکی آلٹو سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی رہی جس کے 4193 یونٹس خریدے گئے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نئی سکیم ان افراد کے لیے ایک شاندار موقع ہے جو آسان اقساط پر نئی کار خریدنے کے خواہشمند ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں