اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان فرانس برطانیہ کینیڈا آسٹریلیا پرتگال اور دیگر ممالک کی جانب سے فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے کا بھرپور خیر مقدم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر میں سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والی اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی جس میں فلسطینی مسئلے کے پرامن حل اور دو ریاستی فارمولے پر عملدرآمد پر غور کیا گیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے 1988 میں آزادی کے اعلان کے فوراً بعد فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کیا تھا۔ ان کے مطابق حالیہ پیش رفت بین الاقوامی قانون کی روشنی میں خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن قائم کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔
وزیرخارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ جو ممالک ابھی تک فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم نہیں کر سکے وہ انصاف اور امن کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسی نوعیت کے اقدامات کریں۔











