کراچی:پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ صائمہ قریشی کا کہنا ہے کہ 95 فیصد مرد دوسری شادی کی خواہش رکھتے ہیں۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران صائمہ قریشی نے اپنے پرانے مؤقف کو دہرایا جس میں انہوں نے عورت کی کمائی اور مرد کی دوسری شادی سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر مردوں کو افیئرز رکھنے کا شوق ہے تو بہتر ہے کہ وہ اس کے بجائے ذمہ داری کے ساتھ نکاح کریں، کیونکہ مرد کے غلط رویے نہ صرف خاندان بلکہ آئندہ نسلوں پر بھی منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ کسی کے جذبات سے کھیلنے کے بجائے بہتر ہے کہ مرد جائز راستہ اختیار کریں اور دوسری شادی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مرد دوسری شادی کرتا ہے تو اسے برا کیوں سمجھا جاتا ہے، کیا معاشقہ رکھنا دوسری شادی سے بہتر ہے؟
مزید گفتگو میں صائمہ قریشی نے کہا کہ اگر پہلی بیوی دوسری شادی پر راضی نہ بھی ہو تو شوہر کے لیے لازمی نہیں کہ وہ اجازت لے، کیونکہ اسلام میں اس حوالے سے کوئی پابندی موجود نہیں ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مردوں کو چاہیے کہ وہ حرام تعلقات سے خوفزدہ ہونے کے بجائے صاف اور ذمہ دارانہ فیصلے کریں اور اپنی خواہشات کو معاشرتی دباؤ کے بجائے دینی اصولوں کے مطابق پورا کریں۔











