بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ایشیا کپ جیت لیا

دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے تلک ورما کی شاندار اور ناقابل شکست 69 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ بھارت نے 147 رنز کا ہدف 2 گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر ٹاس جیت کر میچ کا آغاز کیا۔ اس بار ٹاس کے بعد ایک منفرد منظر دیکھنے کو ملا جب پاکستانی کپتان سے بات پاکستانی کمنٹیٹر نے جبکہ بھارتی کھلاڑی سوریا کمار سے بھارتی کمنٹیٹر نے گفتگو کی۔

پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز عمدہ انداز میں کیا، اوپنرز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے ٹیم کو اچھا اسٹارٹ فراہم کیا۔ صاحبزادہ فرحان 57 اور فخر زمان 46 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، تاہم اس کے بعد بلے باز لائن سے لگتے گئے اور پوری ٹیم 19.1 اوورز میں صرف 146 رنز بنا سکی۔

پاکستان کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ صائم ایوب نے 14، سلمان آغا نے 8 اور محمد نواز نے 6 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بمراہ، ورون چکرورتی اور اکثر پٹیل نے 2، 2 شکار کیے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 20 رنز پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر سنجو سیمسن اور تلک ورما نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 57 رنز کی شراکت قائم کی۔ سیمسن 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں تلک ورما اور شیوام دوبے نے 60 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ دوبے 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم تلک ورما آخر تک وکٹ پر ڈٹے رہے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ سب سے مہنگے بولر حارث رؤف ثابت ہوئے، جنہوں نے 3.4 اوورز میں 50 رنز دے ڈالے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں