لندن: ہیری پوٹر سیریز کی خالق جے کے رولنگ نے اپنے تازہ بیان میں مرکزی اداکاروں ایما واٹسن اور ڈینیئل ریڈکلف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انہیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ ان کے مطابق دونوں کی جانب سے کی گئی تنقید کے بعد انہیں قتل، ریپ اور تشدد کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ایما واٹسن نے ایک پوڈکاسٹ میں رولنگ کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ تاہم رولنگ نے ردعمل میں کہا کہ “35 سالہ ایما واٹسن خود اس بات سے لاعلم ہیں کہ وہ کتنی بے خبر ہیں۔”
برطانوی مصنفہ نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ایما نے اپنی زندگی کی جدوجہد شہرت اور دولت کے سائے میں گزاری، جبکہ وہ خود غربت میں رہتے ہوئے وہ کتاب لکھ رہی تھیں جس نے ایما کو پہچان دی۔ رولنگ کا کہنا تھا کہ وہ بخوبی جانتی ہیں کہ خواتین کے حقوق کی پامالی عام خواتین کے لیے کتنی تکلیف دہ ہے، جس مہم میں ایما نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایما واٹسن کو اپنی رائے دینے کا حق ہے، لیکن بطور مصنفہ انہیں بھی اختلاف رائے رکھنے کا پورا حق حاصل ہے اور اب انہوں نے یہ حق استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ تنازعہ رولنگ کے ٹرانس جینڈر کمیونٹی سے متعلق متنازع بیانات سے شروع ہوا تھا، جس پر نہ صرف مداح بلکہ ہیری پوٹر سیریز کے بڑے ستارے بھی ان سے دور ہو گئے تھے۔ ایما واٹسن اور ڈینیئل ریڈکلف کھل کر ٹرانس جینڈر حقوق کی حمایت کرتے ہیں، جبکہ رولنگ اپنے مؤقف پر ڈٹی ہوئی ہیں۔
رولنگ کا یہ تازہ بیان ایک بار پھر مداحوں اور ناقدین میں بحث کو جنم دے رہا ہے، جہاں فنکاروں کے ذاتی خیالات اور ان کے پیشہ ورانہ تعلقات کے درمیان لکیر مزید دھندلی ہوتی جا رہی ہے۔











