نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیموں کے درمیان میچ سے قبل مصافحے کے معاملے پر اپنا مؤقف برقرار رکھتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ اس بارے میں کوئی یقین دہانی نہیں کرائی جا سکتی۔
بی سی سی آئی نے ایک بار پھر اپنی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیا کپ کے بعد اب آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کو بھی سیاسی رنگ دینے کا عندیہ دیا ہے۔
بورڈ کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا نے بیان میں کہا کہ پاکستان سے متعلق بی سی سی آئی کی پالیسی وہی ہے جو گزشتہ ہفتے اختیار کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کے تمام قواعد و ضوابط پر عمل ہوگا تاہم یہ نہیں کہا جا سکتا کہ بھارتی اور پاکستانی کھلاڑیاں ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں گی یا نہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ کا اہم میچ 5 اکتوبر کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل ایشیا کپ میں بھی بھارتی ویمنز ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر کے تنازع کھڑا کیا تھا۔











