مس یونیورس مقابلے میں پہلی بار امارات کی نمائندگی

دبئی: متحدہ عرب امارات کی تاریخ میں پہلی بار ایک اماراتی نژاد خاتون عالمی مس یونیورس مقابلے میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے جا رہی ہیں۔

چھبیس سالہ مریم محمد، جو فیشن ڈیزائن کی طالبہ اور ماڈل ہیں، نومبر 2025 میں تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والے مس یونیورس مقابلے میں امارات کی پہلی امیدوار کے طور پر شرکت کریں گی۔ اس ایونٹ میں دنیا بھر سے 130 سے زائد ممالک کی نمائندہ خواتین حصہ لیں گی۔

مریم محمد کی شرکت نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ عرب دنیا کے لیے بھی ایک تاریخی لمحہ تصور کی جا رہی ہے۔ وہ فیشن ڈیزائننگ کی تعلیم کے ساتھ ماڈلنگ کے شعبے میں بھی فعال ہیں اور ان کی شمولیت نے اماراتی و بین الاقوامی میڈیا کی توجہ اپنی طرف مبذول کر لی ہے۔

عالمی مس یونیورس مقابلہ روایتی خوبصورتی کے معیار سے آگے بڑھ کر خواتین کی ذہانت، قائدانہ صلاحیتوں اور سماجی خدمات کو بھی نمایاں کرتا ہے۔

مس یونیورس آرگنائزیشن کے مطابق، یہ پلیٹ فارم خواتین کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور خود کو بااختیار بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ مریم محمد کی شمولیت اس بات کی علامت ہے کہ متحدہ عرب امارات میں خواتین تعلیم، کاروبار اور مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں تیزی سے نمایاں مقام حاصل کر رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں