گورنر خیبر پختونخوا کا صوبے کے عوام کے نام اہم پیغام

پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام صدارتی پروکلیمیشن کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امن و استحکام کے ساتھ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے بلکہ سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے خواہاں ہیں۔ وہ دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے ذریعے ترقی و خوشحالی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ عوام جمہوری اقدار کے فروغ اور ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ صوبے کے عوام امن پسند ہیں اور دہشت گردی یا پُرتشدد کارروائیوں کی حمایت نہیں کرتے۔

فیصل کریم کنڈی نے عوام پر زور دیا کہ وہ قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگا فساد سے گریز کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امن و امان خراب کرنے یا قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں