قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کے شاندار کیچ نے شائقین کے دل جیت لیے، جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
گزشتہ روز راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
میچ کا سب سے یادگار لمحہ اس وقت آیا جب بابر اعظم نے سلپ میں سدیرا سماراوکرما کا حیرت انگیز کیچ تھاما۔ یہ کیچ حارث رؤف کی گیند پر لیا گیا اور اسی موقع پر میچ کا رخ پاکستان کے حق میں پلٹ گیا۔
بابر اعظم کے اس شاندار کیچ پر مداحوں نے ان کی خوب تعریف کی، جبکہ آئی سی سی نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں لیے گئے ان کے ایک مشہور کیچ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔











