اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں نے شہباز شریف کو 2 دفعہ وزیراعظم بنوایا اور چاہتا ہوں کہ وہ بطور وزیراعظم 5 سال کی مدت پوری کریں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام 2026-27 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو نئے صوبوں کی نہیں بلکہ معاشی مسائل حل ہونے کی فکر ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات بھلا کر معاشی بحران سے نکلنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ غربت کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کرسکیں۔ وزیراعظم کو اپنا ایجنڈا آگے بڑھانے کا موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روایت رہی ہے کہ وزیراعظم کو کمزور کرکے اپنی کرسی کے لیے راستہ بنایا جاتا ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ شہباز شریف پہلے وزیراعظم ہوں جو 5 سالہ مدت مکمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے باعث عوام مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ خطے میں امن معاہدہ نظر نہیں آرہا اور جنگ کے خاتمے تک مشکلات برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ پیپلز پارٹی کا فوکس عوام کو ریلیف دینا ہے اور مشکل حالات میں چھوٹے کاشتکاروں کی مدد کرنا پارٹی کی پالیسی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 4 ہزار روپے مالی امداد دی جا رہی ہے۔ چھوٹے کاشتکار زرعی شعبے کا 90 فیصد حصہ ہیں اور انہیں معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے امدادی پروگرام جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے تھرپارکر اور عمرکوٹ کو آفت زدہ قرار دینے اور متاثرہ خاندانوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 8 ہزار روپے فراہم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت نے 10 لاکھ گھر تعمیر کیے اور روزگار کے مواقع پیدا کیے۔ کراچی سمیت سندھ کے مختلف اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ غربت یا علاج کی عدم دستیابی کے باعث شہری مشکلات کا شکار نہ ہوں۔











