وادی تیراہ کو خالی کروانے کا بیان فوج کو بدنام کرنے کی سازش ہے، وزارت اطلاعات

وزارت اطلاعات و نشریات نے وادی تیراہ کو فوج کے احکامات پر خالی کرانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کردی۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق حکومت نے وادی تیراہ کو خالی کرانے کی گمراہ کن خبروں کا نوٹس لیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وادیٔ تیراہ کو فوج کے احکامات پر خالی کروایا جا رہا ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وادی تیراہ خالی کروانے کے دعوے بے بنیاد، بدنیتی پر مبنی اور مخصوص مقاصد کے تحت کیے جا رہے ہیں، ان دعوں کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا، سیکیورٹی اداروں کے خلاف غلط معلومات دینا اور ذاتی و سیاسی مفادات کا حصول ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وفاقی حکومت یا مسلح افواج کی جانب سے وادیٔ تیراہ کو خالی کروانے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے معمول کے مطابق صرف دہشت گرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران پُرامن شہریوں کی زندگی کے متاثر نہ ہونے کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے، کارروائیوں کے لیے کسی قسم کی آبادی کی منتقلی یا ہجرت کی نہ ضرورت ہے اور نہ ہی ایسا کچھ کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں