امیتابھ بچن کے مطابق ان کے والد کا تعلق اتر پردیش سے تھا جبکہ والدہ سکھ خاندان سے تھیں، والدہ کی وجہ سے میں آدھا سردار بھی ہوں۔
بالی ووڈ کے شہنشاہ اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے سکھ مذہب سے اپنا تعلق اور اپنا سکھ نام بھی بتا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنے مقبول ٹی وی شو کون بنے گا کروڑ پتی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بین المذہب یا برادری سے باہر شادی کہنا بہت عجیب لگتا ہے، میرے نزدیک تو سب لوگ ہی برابر ہیں۔
امیتابھ نے کہا کہ میں نے بھی اپنی اہلیہ جیا سے محبت کی شادی کی تھی، ہم دونوں کا تعلق بھی مختلف ذات اور ثقافت سے تھا، جس کی وجہ سے ہمیں لوگوں کی کافی باتیں بھی سنیں۔
اداکار نے کہا کہ میرے والدین نے بھی محبت کی شادی کی، میرے والد کا تعلق اتر پردیش سے جبکہ میری والدہ سکھ خاندان سے تھیں، والدہ کی وجہ سے میں آدھا سردار بھی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد ہمیشہ کہتے تھے کہ وہ ذات، برادری وغیرہ پر یقین نہیں رکھتے، اسی لیے انہوں نے اپنا قلمی نام بچن ہی رکھا تھا۔
امیتابھ نے مزید کہا کہ میرے بچپن میں میری خالہ پنجابی میں کہتی تھیں کہ کتنا سوہنا پتر ہے، وہ مجھے امیتابھ سنگھ کہہ کر پکارتی تھیں، اس طرح میرا ایک نام امیتابھ سنگھ بھی ہے۔
امیتابھ کے والد ہری ونش رائے بچن ہندی زبان کے مشہور شاعر تھے، انہیں 1976 میں پدم بھوشن سے نوازا گیا جبکہ اداکار کی والدہ تیجی بچن سکھ خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک سماجی کارکن تھیں۔
والدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے امیتابھ بچن نے بھی محبت کی شادی کی، امیتابھ بچن اور جیا بچن نے جون 1973 میں شادی کی تھی، اس جوڑے کا ایک بیٹا ابھیشیک بچن اور ایک بیٹی شویتا بچن ہے۔