برطانیہ میں سمندری طوفان برٹ نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کر کے رکھ دیا جس سے نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے طرف سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق سمندری طوفان برٹ برطانیہ کے ساحل سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیاہے جبکہ شہری بھی اپنے گھروں میں محصور ہونے پر مجبور ہو کر رہ گئے ہیں۔
برٹ نامی سمندری طوفان کی 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائوں نے ہورڈنگز اڑا کر رہ دیئے اور درخت جڑ سے اکھڑ کر دور جا گرے۔ پروازیں اور ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر معطل ہو گیا جبکہ انٹرنیٹ منقطع ہو گیا ہے اور لاکھوں افراد اس وقت بجلی سے مکمل طور پر محروم ہو گئے ہیں۔
برطانیہ میں سمندری طوفان کے نتیجہ میں موسم مزید سرد ہو گیا ہے، برطانیہ کے کچھ علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ مزید تین روز تک موسم خراب رہنے کی اطلاعات دی جا رہی ہیں۔
برٹ کے نتیجہ میں اب تک لینڈ سلائیڈنگ سمیت مختلف واقعات میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
برطانیہ میں آنے والے اس سمندری طوفان کے اثرات آئر لینڈ اور فرانس میں بھی دیکھے گئے ہیں جہاں برف باری، بارش اور تیز ہوائوں کے جھکڑ سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔