2022 میں بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کی گاڑی المناک حادثے کا شکار ہوئی، انہوں نے ہسپتال منتقل کرنے والے دونوں لڑکوں کو اسکوٹرز تحفے میں دے دیں۔
کرکٹ سیون کی رپورٹ کے مطابق 30 دسمبر 2022 کو کار حادثے میں شدید زخمی ہونے والے بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کو دو مقامی نوجوانوں رجت کمار اور نیشو کمار نے گاڑی سے باحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج ہوا اور پھر ڈیڑھ سال کے بعد ان کی اب کرکٹ گرائونڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
بھارتی بیٹر نے کار حادثے میں جان بچانے والے دونوں نوجوانوں کا شکریہ بھی ادا کیا تھا اور کہا کہ آپ دونوں کے احسان کو زندگی بھر بھولوں گا نہیں، یاد رکھوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس قابل تو نہیں ہوں کہ انفرادی طور پر تو سب کا شکریہ ادا کر سکوں لیکن میں دو ہیروز رجت کمار اور نیشو کمار جنہوں نے کار کے المناک حادثے کے بعد میری جان بچانے کی ہرممکن کوشش کی ان کا ہمیشہ مقروض رہوں گا۔
اس وقت بھارتی بیٹر کرکٹر کے محاذ پر بارڈر گواسکر ٹرافی کھیلنے کے سلسلے میں آسٹریلیا میں موجود ہیں، انہوں نے پہلی اننگز کے دوران آسٹریلیا کے خلاف 37 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں بھارتی ٹیم محض 150 رنز بنا کر ہی آل آئوٹ ہو گئی تھی۔
یاد رہے کہ بھارتی بیٹر رشبھ کی گاڑی اتراکھنڈ سے دہلی جاتے ہوئے ڈیوائیڈر کے ساتھ جا ٹکرائی تھی، جس کے نتیجہ میں کرکٹر کو گہرے زخم آئے تھے، اس موقع پر مقامی افراد نے انہیں فوری طور پر باحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کر دیا تھا، جہاں پر بروقت طبی امداد ملنے کے نتیجہ میں وہ صحت یابی سے ہمکنار ہوئے۔