چیمپئنز ٹرافی کی قسمت کا فیصلہ جمعہ کو ہو گا، آئی سی سی نے بورڈ میٹنگ طلب کر لی، ووٹنگ کے ذریعے پاکستان سے میزبانی چھیننے کی کوشش کی جائے گی۔
پاکستان ہائبرڈ ماڈل پر راضی نہ ہوا تو ووٹنگ کے ذریعے میزبانی چھیننے کی کوشش کی جائے گی، بھاری معاوضے کے ذریعے موقف سے پیچھے ہٹانے کا پلان بھی سامنے آ چکا ہے۔
اس حوالے سے پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ میزبانی میں کسی دوسرے ملک کو شریک کریں گے نہ ہی اضافی رقم لینے کی پیشکش قبول کی جائے گی، ہم مکمل ایونٹ کا انعقاد اپنے ملک میں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ابھی تک ہائبرڈ ماڈل تسلیم نہ کرنے کے موقف پر ڈٹا ہوا ہے جبکہ کئی دن گزرنے کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے پی سی بی کے خط کا تحریری جواب نہیں آیا۔
یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے میڈیا کے ذریعے گزشتہ دنون پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے پر پیسوں کا رعب دکھا کر ہائبرڈ ماڈل اپنانے کی صورت میں بھاری معاوضے کی پیشکش کی، جسے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹھکرا دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ذریعے بھارتی بورڈ نے پی سی بی کو مالی فوائد کی پیشکش کرتے ہوئے بھارت کے میچز یو اے ای میں منتقل کروانے پر زور دیا ہے، تاہم پی سی بی ہائبرڈ ماڈل کے تحت میزبانی سے انکاری ہے اور بھارت کا گروپ میچ اور فائنل لاہور میں ہی کروانے کا خواہاں ہے۔
اس ایونٹ کا میزبان پاکستان ہے لیکن بھارتی حکومت اور بورڈ ٹیم بھیجنے سے انکاری ہے، جس کی وجہ سے آئی سی سی پریشانی میں مبتلا ہے، دوسری جانب براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن بھی گزر گئی ہے۔