پاکستان کی معروف اداکارہ کبری خان اور گوہر رشیدکی شادی سے متعلق افواہیں کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔
معروف پاکستانی اداکارہ کبری خان جلد ہی اپنے قریبی دوست گوہر رشید کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں جن کی اب شادی کی تاریخ بھی سب کے سامنے آ چکی ہے۔
مختلف سوشل میڈیا پیجز کے ذریعے پھیلنے والی کبری خان اور گوہر رشید کی شادی کی افواہیں اب حقیقت کا روپ دھار چکی ہیں اور اس جوڑی کی شادی کی تاریخ بھی ان کے چاہنے والوں کے سامنے آ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کبری خان اور گوہر رشید 22 فروری کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔ ان کی شادی کی تقریبات کراچی میں منعقد ہوں گی، ان تقریبات میں ان کے قریبی دوست اور اہل خانہ شریک ہوں گے۔
شوبز انڈسٹری سے وابستہ اس جوڑی کی شادی سے متعلق افواہیں کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں، جن کی اب تصدیق ہو چکی ہے تاہم اب تک کبری خان اور گوہر رشید کی طرف سے ان خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر متحرک ہونے کے باوجود دونوں نے ان افواہوں کی نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید کی ہے، البتہ اداکار گوہر رشید اپنے انسٹا گرام اکائونٹ پر شادی کی تیاریوں اور ڈانس پریکٹس کی مختلف ویڈیوز پوسٹ کر رہے ہیں جو ان افواہوں کو مزید ہوا دے رہی ہیں کہ جلد شادی ہونے والی ہے۔