کمپنی نے گزشتہ سال بھی سالانہ عشائیہ کے دوران اپنے ملازمین میں بونس کی مد میں بڑی مقدار میں نقد رقم تقسیم کی تھی۔
چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کرین بنانے والی کمپنی کی طرف سے اپنے ملازمین کو سال کے آخر میں 11 ملین ڈالر تک بونس دینے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت 3 ارب 6 کروڑ سے زائد بنتی ہے۔
کمپنی کی طرف سے اپنے ملازمین کو پیش کش کی گئی تھی کہ وہ مختص کردہ وقت میں جتنے پیسے گن سکتے ہیں گن کر سمیٹ لیں جس پر ورکرز کی قسمت چمک اٹھی اور خوشی دیدنی تھی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کمپنی کے اعلان پر ملازمین خوب تیاری کے ساتھ دفتر آئے اور ایک بڑی میز پر پھیلی ہوئی رقم کے ڈھیر سے مقررہ وقت میں زیادہ سے زیادہ پیسے گن کر سمیٹنے کی کوشش کی۔
مقررہ 15 منٹ کے دوران سب سے زیادہ پیسے ایک ملازم نے گنے جو کہ 1 لاکھ یوآن بنے ، جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت 38 لاکھ 85 ہزار سے زائد بنتی ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا جب ہینان مائننگ کرین کمپنی اپنے فراخدلانہ طرز عمل کی وجہ سے سرخیوں میں آئی۔ 2023 میں بھی کمپنی کی طرف سے سالانہ عشائیہ کے دوران اپنے ملازمین میں بڑی مقدار میں نقد رقم تقسیم کی گئی تھی۔
اپنے ملازمین میں منفرد انداز میں نقد رقم تقسیم کرنے سے نہ صرف ملازمین خوش ہیں بلکہ دنیا بھر میں اس اقدام کی وجہ سے کمپنی کی شہرت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔