جوہری فضلے سے بجلی بنانے والی جدید نیوکلیئر بیٹری تیار

امریکی سائنس دانوں نے جوہری فضلے کو توانائی میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھنے والی نیوکلیئر بیٹری تیار کرکے توانائی کے ذخیرے کے میدان میں ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

ماہرین کی ایک ٹیم پہلے ہی اس جدید ترین بیٹری کو ایک پروٹوٹائپ ڈیوائس کے ساتھ آزما چکی ہے، جو نیوکلیئر تابکاری کو مؤثر طریقے سے جذب کرکے مائیکرو چپس کو توانائی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یہ نیوکلیئر بیٹریاں بغیر کسی چارجنگ یا دیکھ بھال کے کئی سالوں تک بجلی پیدا کرنے کی اہلیت رکھتی ہیں، جس سے توانائی کے شعبے میں ایک نئی انقلابی تبدیلی متوقع ہے۔

اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے محققین کی تیار کردہ یہ بیٹری استعمال شدہ جوہری ایندھن سے نکلنے والی گیما شعاعوں کو اکٹھا کرتی ہے اور انہیں سِنٹیلیٹر کرسٹلز کی مدد سے روشنی میں تبدیل کرتی ہے، جسے بعد ازاں سولر سیلز کے ذریعے بجلی میں بدلا جاتا ہے۔

تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر ریمنڈ کاؤ کا کہنا تھا کہ “ہم نے ایک ایسے عنصر کو کارآمد بنایا ہے جسے پہلے فضلہ سمجھا جاتا تھا، اور اسے قیمتی توانائی کے وسائل میں بدل دیا ہے۔”یہ تحقیق معروف سائنسی جریدے آپٹیکل مٹیریلز: ایکس میں شائع ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں