کارکردگی سے خوش، توجہ سیمی فائنل پر: مارکو جینسن

چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر مارکو جینسن نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ٹیم کی کارکردگی سے وہ خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے اب تک بہترین کارکردگی دکھائی ہے اور اس وقت ہماری پوری توجہ سیمی فائنل میں فتح حاصل کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممکنہ طور پر سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ ہو گا اور ہم جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو جینسن نے کہا کہ وہ دبئی کے موسم سے بخوبی آشنا ہیں، اور دبئی اور کراچی کی وکٹیں تقریباً یکساں ہیں جو اسپنرز کے لیے سازگار اور فائدہ مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد ہی فائنل کے بارے میں سوچا جائے گا۔ جینسن نے انگلینڈ کے خلاف میچ کو غیر معمولی قرار دیا اور کہا کہ ہم نے ایک اچھے مقابلے کے بعد فتح حاصل کی۔ کراچی کی وکٹ بھی اچھی تھی، اور وہاں کھیل کر بہت مزہ آیا۔

جنوبی افریقا کے اسپنر کیسو مہاراج نے مکسڈ زون میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نظریں اب سیمی فائنل پر مرکوز ہیں اور ہم ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ہم اپنی اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔

دوسری طرف انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں ان کی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ انہوں نے ناکامیوں اور غلطیوں کا جائزہ لینے کی بات کی اور کہا کہ ٹیم میں بہتری کے لیے نئے کپتان کے ساتھ مل کر نئی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ افغانستان کے خلاف ناکامی کو وہ بہت زیادہ دکھ سمجھتے ہیں، لیکن انہوں نے کہا کہ کرکٹ ختم نہیں ہوئی ہے اور وہ مستقبل میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے پوری کوشش کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں