بھارت کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شریا گھوشال ایک پریشان کن مسئلے کا شکار ہو گئی ہیں، جس کا اظہار انہوں نے حال ہی میں اپنے مداحوں سے کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، گلوکارہ نے یہ اطلاع خود اپنے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دی۔ شریا گھوشال نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ “13 فروری سے میرا ’ایکس‘ اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔ ایکس کی انتظامیہ سے بار بار رابطہ کرنے کے باوجود کوئی جواب نہیں ملا۔”
گلوکارہ نے مزید کہا کہ یہ ایک بہت پریشان کن بات ہے اور وہ اپنے اکاؤنٹ کو دوبارہ کھول کر اسے مستقل طور پر ڈیلیٹ نہیں کر پا رہیں۔ انہوں نے اپنے فالورز اور مداحوں سے درخواست کی کہ اس دوران ان کے ہیک شدہ اکاؤنٹ سے کی جانے والی پوسٹوں کو نظرانداز کریں اور کسی بھی لنک کو نہ کھولیں۔
شریا گھوشال نے اپنے مداحوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی بھی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ “کسی بھی فراڈ یا دھوکے سے بچنے کے لیے میرے ہیک شدہ اکاؤنٹ سے کی گئی کسی بھی پوسٹ پر ردعمل نہ دیں۔”