ڈیموں میں ڈیڈ لیول تک جانے کا خدشہ، ارسا کی ایڈوائزری

اسلام آباد۔انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے ڈیموں میں پانی کی سطح میں کمی پر چاروں صوبوں کو خبردار کرتے ہوئے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ تربیلا اور منگلا ڈیم کا پانی ڈیڈ لیول تک پہنچ سکتا ہے۔

ارسا کی جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پانی کی قلت کے باعث آئندہ چند روز میں تربیلا اور منگلا ڈیم کا پانی نچلی حد تک جا سکتا ہے، اور اس حوالے سے ایڈوائزری کمیٹی کو پہلے ہی آگاہ کیا جا چکا ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق، حالیہ بارشوں نے پانی کی کمی کو کسی حد تک کم کرنے میں مدد دی ہے، تاہم اس وقت پنجاب کو 20 فیصد اور سندھ کو 14 فیصد پانی کی قلت کا سامنا ہے۔

ارسا کے مطابق، آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی توقع ہے، لیکن اگر بارشیں نہ ہوئیں تو پانی کی قلت 35 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

ایڈوائزری میں متنبہ کیا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ محکمے پیشگی اقدامات کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں