لاہور۔معروف اداکارہ بشریٰ انصاری ایک تجربہ کار فنکارہ ہیں جنہوں نے زندگی کے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے اور ہر آزمائش میں کامیاب رہیں۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں، انہوں نے مشکل اور ناخوشگوار حالات کا سامنا کرنے کے لیے چند کارآمد مشورے دیے، جو ان کے مداحوں کے لیے راہنمائی ثابت ہو سکتے ہیں۔
بشریٰ انصاری، جو اداکاری کے ساتھ ساتھ لکھنے اور مطالعے کی بھی شوقین ہیں، نے بتایا کہ اگر زندگی میں سکون اور خوشی چاہتے ہیں تو ان چند باتوں کو اپنا لیں:
شکرگزاری اپنائیں: جو کچھ آپ کے پاس ہے، اس پر خوش رہیں اور جو میسر نہیں، اس پر افسوس نہ کریں۔
صبر اور خاموشی کی طاقت: اگر کوئی بدتمیزی کرے تو فوری ردِعمل دینے کے بجائے صبر اور وقت پر بھروسہ کریں، کیونکہ وقت خود بدتمیزی کرنے والے کو شرمندہ کر دے گا۔
رشتوں کی قدر کریں: اگر کوئی ناراض ہو جائے تو پہل کرتے ہوئے معافی مانگیں اور تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش کریں۔
احساسات کا احترام کریں: ہمیشہ دوسروں کے جذبات کی قدر کریں اور کسی کو غیر ارادی طور پر تکلیف پہنچانے سے گریز کریں۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ اس وقت تک سکون سے نہیں سوتیں جب تک یہ تسلی نہ ہو جائے کہ کسی کو ان کی کسی بات یا عمل سے تکلیف نہیں پہنچی۔
بشریٰ انصاری کے مطابق، اگر ان چھوٹی چھوٹی باتوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیا جائے تو ذہنی دباؤ اور پریشانی سے بچا جا سکتا ہے، اور زندگی میں حقیقی سکون حاصل ہو سکتا ہے۔