سرد جنگ؛ ملتان سلطانز کے مالک نے پھر بورڈ پر “سنگین الزامات” لگادیے

اسلام آباد۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مشہور ٹیم ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کراچی میں ٹیم کی ٹریننگ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے علی ترین کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد محض تنقید کرنا نہیں بلکہ پی سی بی کو اپنی خامیوں کی طرف متوجہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ایس ایل کو بہتر انداز میں نہ سنبھالا گیا تو اس کی مقبولیت میں کمی آتی جائے گی۔

علی ترین کے مطابق، اگر ہم خود اپنی کوتاہیوں کو تسلیم نہیں کریں گے تو لیگ کو بہتر بنانے کی کوئی راہ ممکن نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کمنٹری میں بہتری یا غیر جانبدار امپائرز کی موجودگی سے ہی لیگ کامیاب نہیں ہو سکتی، بلکہ اصل مسئلہ شائقین کی دلچسپی کم ہونے کا ہے، جس پر سنجیدگی سے غور ہونا چاہیے۔

علی ترین نے کراچی کے اسٹیڈیمز میں خالی نشستوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پہلے یہاں میچز ہاؤس فل ہوا کرتے تھے، مگر اب صورتحال مختلف ہے۔ اس تبدیلی کی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ کو فرنچائز مالکان کے ساتھ بیٹھ کر کھل کر گفتگو کرنی چاہیے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پی ایس ایل 9 کے بعد سے اب تک ایک بھی باضابطہ میٹنگ نہیں بلائی گئی، جس میں شائقین کی دلچسپی بڑھانے کے اقدامات پر بات کی جائے۔ اس کے برعکس بورڈ نے کراچی میں میچز کی تعداد ہی کم کر دی، جو مسئلے کا حل نہیں بلکہ ایک وقتی فرار ہے۔

علی ترین پہلے بھی بورڈ کے رینٹل ماڈل پر شدید نکتہ چینی کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق، فرنچائز مالکان ہر سال ٹیمیں رکھنے کے لیے صرف کرایہ دیتے ہیں، جس کے بدلے میں ان کو کسی قسم کے مالکانہ حقوق حاصل نہیں ہوتے، جب کہ آئی پی ایل جیسے ماڈلز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی گنجائش موجود ہے۔

دوسری طرف پی سی بی کے ایک اعلیٰ افسر نے علی ترین کے حالیہ بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی باتوں سے لیگ کو غیر ضروری تنازعات کا شکار بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں