مصنوعی ذہانت کے میدان میں نمایاں مقام رکھنے والی کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے معروف پلیٹ فارم چیٹ جی پی ٹی میں متعدد نئی خصوصیات کا اضافہ کر دیا ہے، جن میں خریداری کی سہولت سرفہرست ہے۔
یہ نئی اپ ڈیٹس اُس سرچ فنکشن میں شامل کی گئی ہیں جو کمپنی نے اکتوبر 2023 میں متعارف کرایا تھا۔ ان تبدیلیوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ اوپن اے آئی اب گوگل جیسے بڑے سرچ انجنز کے لیے مزید چیلنج بن رہا ہے۔
تازہ ترین فیچرز میں شاپنگ کا نیا آپشن نمایاں ہے، جس کے ذریعے صارفین مصنوعات تلاش کر سکتے ہیں، قیمتوں اور خصوصیات کا موازنہ کر سکتے ہیں، اور براہِ راست چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے خریداری بھی انجام دے سکتے ہیں۔
کمپنی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نتائج میں سامنے آنے والی مصنوعات کسی بھی قسم کے اشتہاری معاہدے کا حصہ نہیں ہوں گی بلکہ وہ خودکار نظام کے تحت منتخب کی جاتی ہیں۔
یہ نئی سہولت چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے والے تمام صارفین کو دستیاب ہے، جو پلیٹ فارم کے انٹرفیس کو مزید کارآمد اور صارف دوست بناتی ہے۔











