بیجنگ: چین میں سمندری طوفان جیسی ہواؤں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے 9 شہروں اور 54 کاؤنٹیز میں گزشتہ 4 دن سے ایسی تند و تیز ہواؤں کا ڈیرہ ہے جس کی شدت سمندری طوفان جیسی ہے اور جس نے معولات زندگی کو ٹھپ کرکے رکھ دیا۔
شدید موسم نے 31 مارچ سے اب تک 93 ہزار افراد کو متاثر ہوئے ہیں۔ ڈھائی ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا۔ چھتیں اُڑ گئیں۔ کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کچھ مکانات گر گئے۔
سڑکوں پر جا بجا ہورڈنگز، کھمبے اور درخت گرے ہوئے ہیں۔ ٹریفک کا نظام درہم برہم اور کئی علاقوں کی بجلی معطل ہے۔
امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 500 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ زیادہ تر ہلاکتیں ملبے تلے دب جانے کے باعث ہوئیں۔
چین میں 13 سال بعد ایسا سخت موسم دیکھنے میں آیا ہے۔ سمندری طوفان جیسی ہواؤں کے ساتھ اولے برسے۔ موسمیاتی بیورو نے موسم کی شدید ترین وارننگ بھی جاری کی۔
ماہرین نے اس غیر متوقع اور شدید موسم کی وجہ ماحولیاتی آلودگی کے باعث موسمی تغیرات کو قرار دیا ہے۔