لاہور۔پہلگام واقعے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورۂ بنگلادیش اور ایشیا کپ 2025 غیر یقینی حالات سے دوچار ہو گیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق، پہلگام کے واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کو موخر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد نئی بنگلادیشی قیادت کی پاکستان کے ساتھ بڑھتی قربت نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
پہلگام کے سانحے کے بعد بھارتی حکام نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ کرکٹ روابط پر دوبارہ غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ ایشیا کپ 2025 بھی غیر یقینی کیفیت کا شکار نظر آ رہا ہے۔
ممکنہ طور پر بھارت، بنگلادیش کے ساتھ مجوزہ سیریز کی جگہ جنوبی افریقہ یا آسٹریلیا کے خلاف اضافی میچز کھیلنے کا اعلان کر سکتا ہے۔











