قومی سلامتی کیلئے سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز ہونا خوش آئند ہے،نواز شریف

اسلام آباد۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پارلیمنٹ نے نہایت مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، اور قومی سلامتی کے معاملے پر سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر یکجہتی کا مظاہرہ قابلِ تحسین ہے۔

سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ ارکانِ پارلیمنٹ نے قوم کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کرتے ہوئے ہماری دلیر مسلح افواج کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان نے شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور پختہ عزم سے وطن عزیز کا بھرپور دفاع کیا۔

نواز شریف نے پاکستانی میڈیا کو بھی سراہا اور کہا کہ قومی بیانیے کو دنیا کے سامنے موثر انداز میں پیش کرنے پر میڈیا داد کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچائی پر مبنی اطلاعات کی بدولت دشمن کے جھوٹے دعوے بے نقاب ہوئے، اور قوم کو سرخروئی نصیب ہوئی۔

اس موقع پر سینیٹر عرفان صدیقی نے پارٹی صدر کو سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کارکردگی سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں