فنکاروں کی حب الوطنی پر شک کرنا بی جے پی جیسے انتہاپسندوں کا کام ہے، فائزہ حسن

اسلام آباد ۔مشہور اداکارہ فائزہ حسن نے پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے تناظر میں فنکاروں پر بلاوجہ تنقید کرنے والوں کے رویے کو افسوسناک اور نقصان دہ قرار دیا ہے۔

انسٹاگرام پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں فائزہ حسن نے کہا کہ حالیہ دنوں میں فنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات کو غیر ضروری تنقید کا سامنا ہے، جس میں بدقسمتی سے شوبز انڈسٹری کے اپنے افراد بھی شامل ہیں۔

فائزہ حسن نے واضح کیا کہ فنکار بھی ملک سے اتنی ہی محبت رکھتے ہیں جتنی ایک عام شہری کرتا ہے، اور ان کی حب الوطنی کسی بھی شبہے سے بالا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر فنکار اپنے وطن کے لیے گہرا جذبہ رکھتا ہے اور ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے، خواہ وہ ٹیکس کی بروقت ادائیگی ہو یا عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی۔

فائزہ حسن کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فنکار بیرون ملک جا کر کام کرتا ہے تو یہ اس کی پیشہ ورانہ ضرورت یا ذاتی فیصلہ ہو سکتا ہے، اس بنیاد پر اس کی وطن سے محبت پر سوال اٹھانا ناانصافی ہے۔

اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ کشیدہ حالات میں بعض فنکاروں نے سوشل میڈیا پر اپنی حب الوطنی کا برملا اظہار کیا، جبکہ کچھ نے خاموشی اختیار کی، اور دونوں رویوں کو قابل احترام سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے سوشل میڈیا پر پاکستان کے حق میں کچھ پوسٹ نہیں کیا تو یہ ہرگز یہ نہیں کہ وہ ملک سے مخلص نہیں ہے۔

آخر میں، فائزہ حسن نے کہا کہ فنکاروں کی حب الوطنی پر شک کرنا نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ یہ وہی سوچ ہے جو شدت پسند عناصر، جیسے بی جے پی، اختیار کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں