بغداد۔عرب لیگ نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کرتے ہوئے غزہ میں فوری طور پر جنگ روکنے کا مطالبہ کردیا۔
بغداد میں منعقدہ عرب لیگ کے 34ویں سربراہی اجلاس میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔
سربراہی اجلاس میں فلسطینی صدر محمود عباس، امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، عراقی صدر عبداللطیف راشد، سعودی وزیرِ خارجہ عادل الجبیر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
سعودی وزیرخارجہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی کوشش کو یکسر مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی قوانین کی کھلی توہین ہیں۔ ہمیں فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
دیگر رہنماؤں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر غزہ میں جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالے۔ اجلاس میں غزہ کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔