لندن۔انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے اس تاثر کو سختی سے مسترد کیا ہے کہ ان کی ٹیم گالف کھیلنے میں اس قدر مصروف رہتی ہے کہ میچز کی تیاری پر توجہ نہیں دے پاتی۔
گزشتہ کچھ عرصے سے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے حوالے سے یہ دعویٰ سامنے آ رہا ہے کہ کھلاڑی میدان سے زیادہ گالف کورس پر نظر آتے ہیں، جس کے باعث ان کی کارکردگی اور تیاری پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔ فٹنس مسائل کے شکار بین اسٹوکس کی زمبابوے کے خلاف آئندہ ہفتے واحد ٹیسٹ میچ میں شرکت متوقع ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے اسٹوکس نے کہا: “ایسی باتیں سن کر مجھے غصہ آتا ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ ہم زیادہ مشق نہیں کرتے اور گالف کھیلنے میں مصروف رہتے ہیں، اسی لیے میچ کی تیاری متاثر ہوتی ہے، لیکن یہ باتیں حقیقت سے دور ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا، “میرے خیال میں یہ ایک بے بنیاد اور فضول الزام ہے۔ اکثر ایسی باتیں وہ لوگ کرتے ہیں جنہوں نے خود کبھی اعلیٰ سطح پر کھیل کا تجربہ حاصل کیا ہوتا ہے۔ لیکن یہ ممکن نہیں کہ کوئی کھلاڑی صبح اٹھ کر بغیر کسی تیاری کے براہِ راست میدان میں اتر جائے۔ اس سطح پر بھرپور تیاری کے بغیر کارکردگی دکھانا ممکن نہیں۔”