مہنگائی سے پریشان عوام کیلیے بری خبر، بجلی کی قیمت بڑھنے کا امکان

اسلام آباد ۔سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت درخواست جمع کرا دی ہے۔

یہ درخواست اپریل 2025 کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے، جس پر نیپرا 29 مئی کو عوامی سماعت کے بعد فیصلہ سنائے گی۔

سی پی پی اے کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں بجلی کی قیمت میں 1 روپیہ 27 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

ایجنسی کے مطابق، اپریل 2025 کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 10 ارب 51 کروڑ 30 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جن میں سے 10 ارب 19 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فراہم کی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل کے دوران بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 8.94 روپے فی یونٹ رہی، جب کہ ریفرنس پیداواری لاگت 7.68 روپے فی یونٹ مقرر کی گئی تھی۔

ماہ اپریل میں بجلی کی پیداوار مختلف ذرائع سے حاصل کی گئی، جن میں پانی سے 21.94 فیصد، مقامی کوئلے سے 14.51 فیصد، درآمدی کوئلے سے 10.02 فیصد، فرنس آئل سے 0.97 فیصد، مقامی گیس سے 8.01 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 20.52 فیصد اور جوہری ذرائع سے 17.91 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں