کٹھمنڈو۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کے 73ویں مقابلے میں نیپال نے اسکاٹ لینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے کر سنسنی خیز فتح حاصل کی۔
ڈنڈی میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں نیپالی ٹیم نے 297 رنز کا بڑا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر عبور کیا، جو ون ڈے کرکٹ میں ان کی سب سے بڑی کامیاب رن چیس ہے۔
نیپال کی جانب سے کرن کے سی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ جتوانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ انہوں نے صرف 41 گیندوں پر ناقابل شکست 65 رنز بنائے۔
اس سے قبل اسکاٹش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز اسکور کیے۔ چارلی ٹیئر نے 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جب کہ فن لے میک کریتھ نے 55 اور رچی بیرنگٹن نے 40 رنز بنائے۔
نیپال کی بولنگ میں کرن کے سی، ریجان دھکل اور سومپل کامی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سندیپ لامیچھانے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔