سیاست یا کاروبار؟ ٹرمپ نے مہنگا ترین موبائل نیٹ ورک لانچ کردیا

واشنگٹن۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متعارف کردہ ’’ٹرمپ موبائل‘‘ نہ صرف تکنیکی تفصیلات میں ابہام رکھتا ہے بلکہ قیمت کے لحاظ سے بھی یہ صارفین کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہو رہا ہے۔

ماہانہ 47.45 ڈالر کے عوض ملنے والا ’’ٹڑمپ موبائل‘‘ کا یہ پیکیج مارکیٹ میں پہلے سے موجود سستے اور بہتر متبادل کے مقابلے میں مہنگا ہے۔

ٹرمپ آرگنائزیشن نے اپنے نئے موبائل نیٹ ورک اور سنہری رنگ کے ٹی ون فون کے ساتھ 47 پلان کا اعلان کیا ہے جس میں ان لمیٹڈ کالز، ٹیکسٹ اور ڈیٹا کی سہولت دی گئی ہے۔

اس فون کے پیچھے امریکی جھنڈا بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ سروس ستمبر 2025 سے دستیاب ہوگی۔

ٹرمپ موبائل کی ویب سائٹ پر ابتدائی دنوں میں متعدد غلطیاں، ٹائپوز اور غیر واضح تفصیلات موجود تھیں جن میں سے کچھ بعد میں درست کی گئیں۔

فون کی ریم کو اسٹوریج کہنا، پروسیسر کی وضاحت نہ دینا اور فون کی عدم واپسی کی پالیسی جیسے نکات نے ناقدین کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ یہاں تک کہ فون کی فراہم کردہ تصاویر بھی غیر حقیقی دکھائی دیتی ہیں۔

47 پلان کی قیمت (47.45) ڈالر ہے جو دراصل ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا کے 45 ویں اور 47 ویں صدر ہونے کی مناسبت سے رکھی گئی ہے لیکن یہی سہولت دیگر نیٹ ورکس جیسے منٹ موبائل یا گوگل فائی پر اس سے کہیں سستے داموں مل رہی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جس ایم وی این او (موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹر) یعنی لبرٹی وائرلیس موبائل پر ٹرمپ موبائل انحصار کر رہا ہے، وہی خود یہی سروس صرف 40 ڈالر ماہ میں پیش کر رہا ہے جس میں 10 جی بی ہائی اسپیڈ ڈیٹا شامل ہے۔

ٹرمپ موبائل کا 47 پلان اگرچہ 20 جی بی ڈیٹا فراہم کرتا ہے مگر اتنی قیمت کا جواز تاحال واضح نہیں ہوسکا۔

47 پلان میں ڈاکٹیگریٹی کے ذریعے ٹیلی ہیلتھ سہولت، ڈرائیو امریکا کی روڈسائیڈ اسسٹنس اور ’ڈیوائس پروٹیکشن‘ بھی شامل ہے لیکن یہ واضح نہیں کہ یہ سہولیات کس حد تک مؤثر اور قابلِ اعتماد ہیں۔ مثلاً ’ڈیوائس پروٹیکشن‘ کو انشورنس نہیں مانا گیا۔

مارکیٹ میں موجود کئی معروف اور مستحکم ایم وی این اوز، جیسے یو ایس موبائل، صارفین کو سستے اور شفاف پلانز مہیا کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں