اسلام آبا د۔ٹویوٹا گاڑیوں کے دیوانوں کو اب اپنی پسندیدہ کار خریدنے کے لیے اضافی رقم خرچ کرنا پڑے گی۔
جاپانی آٹو کمپنی ٹویوٹا موٹر نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکہ میں فروخت کی جانے والی چند گاڑیوں کی قیمتوں میں یکم جولائی 2025 سے اوسطاً 270 ڈالر کا اضافہ کرے گی۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے درآمدی گاڑیوں اور ان کے پرزہ جات پر 25 فیصد ٹیکس نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم، ٹویوٹا کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ براہِ راست اس نئے ٹیکس کی وجہ سے نہیں کیا جا رہا۔
ترجمان نوبو سوناگا کے مطابق، یہ قیمتوں میں اضافہ ہماری معمول کی ریویو پالیسی کا حصہ ہے، جس کے تحت ہم مارکیٹ کی ضروریات اور حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے وقتاً فوقتاً قیمتیں ایڈجسٹ کرتے ہیں۔
اسی کے ساتھ، ٹویوٹا کی لگژری سیریز ‘Lexus’ کی گاڑیوں کی قیمتیں بھی اوسطاً 208 ڈالر بڑھا دی جائیں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی آٹو انڈسٹری کو درپیش معاشی دباؤ، کرنسی کی قیمت میں اتار چڑھاؤ، اور پالیسیوں میں تبدیلیاں کار ساز کمپنیوں کے فیصلوں کو متاثر کر رہی ہیں۔