کرکٹر کو ممبر پارلیمنٹ سے منگنی کے محض 2 ہفتے بعد خوشخبری مل گئی

نئی دہلی ۔بھارتی کرکٹ اسٹار رنکو سنگھ، جو حال ہی میں سماج وادی پارٹی کی کم عمر رکن پارلیمنٹ پریا سروج سے منسوب ہوئے، کو منگنی کے صرف دو ہفتوں بعد ایک اور بڑی خوشخبری مل گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش حکومت نے رنکو سنگھ کو “ڈسٹرکٹ بیسک ایجوکیشن آفیسر” (BSA) کے طور پر تعینات کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈائریکٹر آف بیسک ایجوکیشن کی جانب سے ان کی مجوزہ تقرری کا خط جاری کیا جا چکا ہے، جو کہ عالمی سطح پر بھارتی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو تسلیم کرنے کے حکومتی اقدام کا حصہ ہے۔

رنکو سنگھ نے 8 جون کو ایک نجی تقریب میں 25 سالہ رکنِ پارلیمنٹ پریا سروج سے منگنی کی تھی، جنہوں نے حالیہ لوک سبھا انتخابات 2024 میں سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر مچلیشہر (اتر پردیش) سے کامیابی حاصل کی تھی۔

رنکو سنگھ نے آئی پی ایل 2023 میں شاندار اننگز کھیل کر خود کو ایک اُبھرتے ہوئے اسٹار کے طور پر منوایا تھا، جب کہ 2025 کے سیزن میں انہوں نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 29.42 کی بیٹنگ اوسط اور 153.73 کے اسٹرائیک ریٹ سے 206 رنز اسکور کیے۔ تاہم، ان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے فائنل فور میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

رنکو سنگھ کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور ذاتی زندگی میں ہونے والی حالیہ خوشیوں نے انہیں ایک مرتبہ پھر خبروں کا مرکز بنا دیا ہے۔ ان کی ممکنہ تقرری نہ صرف ایک کرکٹر کے طور پر ان کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ یہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک نئی مثال بھی قائم کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں