’کانٹا لگا‘ گرل شیفالی جریوالا چل بسیں

نئی دہلی ۔بھارتی معروف ماڈل اور اداکارہ شیفالی جریوالا 42 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ممبئی پولیس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی لاش ان کے اندھیری، ممبئی میں واقع گھر سے برآمد ہوئی۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق ان کا انتقال ممکنہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوا، تاہم موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔

شیفالی کو ان کے شوہر پراگ تیاگی اور تین قریبی افراد فوری طور پر بیلیویو ملٹی اسپیشلٹی اسپتال لے گئے، مگر اسپتال کے طبی عملے نے بتایا کہ وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھیں۔

صحافی وکی لالوانی نے ان کے انتقال کی خبر سب سے پہلے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ انہوں نے لکھا، ’’شیفالی جریوالا، یعنی ’کانٹا لگا‘ گرل اب ہم میں نہیں رہیں۔ اسپتال کے ذرائع کے مطابق، انہیں مردہ حالت میں لایا گیا تھا، اور ان کے ہمراہ ان کے شوہر اور چند قریبی رشتہ دار موجود تھے۔‘‘

دوسری جانب، ان کے شوہر پراگ تیاگی نے ابھی تک اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ اسپتال سے روانگی کے دوران وہ میڈیا کے کیمروں میں نظر آئے، لیکن کوئی بیان نہیں دیا۔

شیفالی جریوالا کو 2002 میں ری مکس گانے ’’کانٹا لگا‘‘ میں اپنی جاندار پرفارمنس کے باعث شہرت ملی۔ اس ویڈیو نے انہیں نوجوانوں میں بے حد مقبول بنا دیا تھا۔ اگرچہ ان کی اصل خواہش کمپیوٹر انجینیئر بننے کی تھی، مگر شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد وہ کامیابی کی نئی بلندیوں تک پہنچ گئیں۔ بعد میں انہوں نے مختلف میوزک ویڈیوز اور فلموں میں بھی کام کیا، لیکن عوامی یادداشت میں وہ ہمیشہ ’کانٹا لگا گرل‘ کے نام سے زندہ رہیں گی۔

سال 2020 میں انہوں نے سلمان خان کے مشہور رئیلٹی شو ’’بگ باس‘‘ میں شرکت کی، جہاں ان کی شخصیت کو ناظرین کی جانب سے خوب سراہا گیا۔

ان کی ناگہانی وفات نے شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں کو شدید غم اور حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔

ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی، اور حتمی رپورٹ پوسٹ مارٹم کے نتائج کے بعد سامنے آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں