اسلام آباد ۔ایپل کے شائقین کے لیے بڑی خبر ہے: طویل انتظار کے بعد آئی فون 17 پرو میکس کی ریلیز کا شیڈول سامنے آ گیا ہے، اور صارفین میں اس کے لیے خاصی بےچینی پائی جا رہی ہے۔ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق، ایپل کا نیا فلیگ شپ ماڈل ستمبر 2025 میں منظرِ عام پر آئے گا۔
روایتی طور پر ایپل ہر سال ستمبر میں اپنے نئے آئی فونز متعارف کرواتا ہے، اور اس مرتبہ بھی کمپنی اپنے معمول کے مطابق لانچ شیڈول برقرار رکھنے جا رہی ہے۔ ٹیک ذرائع کے مطابق، ایپل کا سالانہ آئی فون ایونٹ 9 ستمبر کو منعقد ہونے کا امکان ہے۔
تاہم، دیگر رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ آئی فون 17 پرو میکس کو 12 ستمبر کو باقاعدہ طور پر لانچ کیا جائے گا، جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں یہ فون 19 ستمبر 2025 سے دستیاب ہوگا۔
آئی فون 17 پرو میکس کی متوقع خصوصیات نے پہلے ہی صارفین کو پرجوش کر دیا ہے۔ سب سے نمایاں فیچر ویپر چیمبر کولنگ سسٹم ہے، جو کہ عموماً ہائی اینڈ گیمنگ فونز میں دیکھا جاتا ہے۔ یہ سسٹم پروسیسر کو ہیٹ اپ ہونے سے بچاتا ہے اور فون کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق، ایپل اس بار A19 پرو چپ متعارف کروا سکتا ہے، اور ریم کو بھی 12 جی بی تک بڑھائے جانے کی اطلاعات ہیں، جو کہ ایپل ڈیوائسز میں ایک نیا سنگ میل ہو گا۔
آئی فون 17 پرو میکس میں ممکنہ طور پر 6.9 انچ کا پروموشن ڈسپلے ہوگا، جو کہ باریک بیزلز، ایک نیا اور ہموار ڈائنامک آئی لینڈ، اور جدید ترین ڈیزائن کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔ یہ فون اب تک کا ایپل کا سب سے طاقتور اور جدید ڈیوائس قرار دیا جا رہا ہے۔