استنبول۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور شہداء کے لواحقین سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر اردوان نے کہا کہ ترکی دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں ہمیشہ پاکستان، جو اس کا دوست اور برادر ملک ہے، کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس جنگ میں گراں قدر قربانیاں دی ہیں، جنہیں ترکی دل سے سراہتا ہے۔
صدر کا یہ بیان اس موقع پر سامنے آیا ہے جب ہفتے کے دن شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 13 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ جوابی کارروائی میں 14 دہشت گرد، جنہیں خوارج کہا گیا، ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنایا۔
صدر اردوان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس لعنت کے خاتمے کے لیے ترکی اور پاکستان کا باہمی اتحاد اور تعاون نہایت ضروری ہے۔