اسلام آباد ۔نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کے بعد پاکستان ہمہ جہتی اور ٹھوس نتائج کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (جو پہلے ٹوئٹر کہلاتی تھی) پر جاری اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ آج پاکستان نے جولائی 2025 کے لیے یو این سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالی ہے۔ یہ منصب پاکستان کو بطور غیر مستقل رکن اپنے آٹھویں دور (2025-26) کے دوران حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یہ ذمے داری انتہائی انکساری، پختہ ارادے اور اقوام متحدہ کے چارٹر، عالمی قوانین اور کثیرالطرفہ نظام کے ساتھ گہری وابستگی کے تحت قبول کر رہا ہے۔ ہماری قیادت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں تنازعات اور انسانی بحرانوں میں شدت پیدا ہو رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل کو ایسے مؤثر اور فوری اقدامات کی جانب لے جانے کی بھرپور سعی کریں گے، جو بات چیت، سفارتی ذرائع اور پُرامن حل پر مبنی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ، اس ماہ کے دوران میں دو اعلیٰ سطحی نمائندہ اجلاسوں کی سربراہی کروں گا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی امن و سلامتی کا قیام، تنازعات کے پُرامن حل اور کثیرالجہتی نظام کا فروغ، نیز اقوام متحدہ اور او آئی سی کے درمیان اشتراکِ عمل، پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ میں فلسطین کے موضوع پر سہ ماہی اوپن مباحثے کی صدارت بھی کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر جامع، متوازن اور قابلِ عمل نتائج کے لیے پرعزم طریقے سے آگے بڑھے گا۔











