لاہور۔پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ اتھلیٹ راشد نسیم نے ایک اور شاندار کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے دنیا کے تیز ترین باکسنگ پنچ مارنے والے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
راشد نسیم نے یہ اعزاز انگلینڈ کے کھلاڑی جوشے لییالا سے چھینا، جن کے پاس اس سے پہلے “ورلڈ فاسٹیسٹ باکسنگ پنچ ایکسپرٹ” کا ریکارڈ تھا۔
انہوں نے ایک منٹ کے اندر 386 بار پنچ مار کر جوشے لییالا کے 374 پنچز کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے ای میل کے ذریعے اس نئے ریکارڈ کی باقاعدہ تصدیق کی اور اسے اپنی ویب سائٹ پر بھی شائع کر دیا۔
راشد نسیم نے یہ اپنا 154 واں عالمی ریکارڈ حاصل کر کے اسے فلسطین کے نام کیا۔
راشد نسیم کو عالمی سطح پر باکسنگ پنچ کیٹیگری میں سب سے زیادہ ریکارڈز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس سے قبل وہ ایک گھنٹے میں 32,686 پنچز مار کر پاکستان کا نام روشن کر چکے ہیں، جب کہ ایک گھنٹے کے دوران ایک کلو وزن کے ساتھ 24,000 سے زائد پنچز مارنے کا ریکارڈ بھی ان کے نام ہے۔
ان کے دیگر ناقابلِ شکست کارناموں میں شامل ہیں:
ایک منٹ میں ایک کلو وزن کے ساتھ 675 فل کانٹیکٹ پنچ
تین منٹ میں 1,896 فل کانٹیکٹ پنچ
تین منٹ میں ایک کلو وزن کے ساتھ 1,778 فل کانٹیکٹ پنچ
یہ تمام ریکارڈز آج تک دنیا میں کوئی اور توڑ نہیں سکا۔
حال ہی میں راشد نسیم نے ایک ہاتھ میں انڈا تھام کر 207 فل ایکسٹینشن پنچ مار کر ایک نیا منفرد عالمی ریکارڈ پاکستان کے نام کیا۔ اسی طرح ایک ہاتھ سے ایک کلو وزن کے ساتھ 163 فل ایکسٹینشن پنچز کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔