آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی تنزلی

لاہور۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں نمایاں تنزلی دیکھی گئی ہے، جس سے شائقینِ کرکٹ میں مایوسی پائی جاتی ہے۔

بیٹنگ کے شعبے میں کوئی بھی پاکستانی بیٹر اس وقت ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل درجہ بندی میں نیچے آتے ہوئے 11ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اب 19ویں نمبر پر ہیں۔ سابق نمبر ون بیٹر بابر اعظم مسلسل تنزلی کے بعد 22ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں، جو ان کے کیریئر کی کمزور ترین پوزیشنز میں سے ایک ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے موجودہ ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا 33ویں نمبر پر ہیں، جبکہ اوپنر شان مسعود نے تین درجے ترقی حاصل کر کے 44ویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔

دوسری جانب، بھارت کے ریشبھ پنت اپنی شاندار کارکردگی کے باعث چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، اور ان کے ریٹنگ پوائنٹس 801 ہو گئے ہیں، جو ان کے کیریئر کی اب تک کی بلند ترین ریٹنگ ہے۔ انگلینڈ کے تجربہ کار بلے باز جو روٹ بدستور ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں۔

بولنگ کے شعبے میں پاکستان کے نعمان علی ایک درجہ نیچے سرک کر پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بھارت کے جسپریت بمراہ بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں۔ ان کے بعد جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا دوسرے، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز تیسرے اور جوش ہیزلووڈ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستانی بولرز کی دیگر پوزیشنز میں بھی معمولی تبدیلیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔ ساجد خان 20ویں اور شاہین شاہ آفریدی 21ویں نمبر پر اپنی سابقہ پوزیشنز پر قائم ہیں۔ محمد عباس ایک درجے ترقی کرتے ہوئے 26ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے بھی ایک درجہ بہتری کے ساتھ 34ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اسپنر ابرار احمد رینکنگ میں تنزلی کے بعد 48ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں