اسلام آباد ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے تناظر میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، امدادی اداروں اور متعلقہ سول انتظامیہ کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعظم نے دریائے سندھ اور ملحقہ علاقوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر خبردار کیا ہے کہ تربیلا ڈیم کے سپل وے کھولنے کے نتیجے میں دریائے سندھ کے نچلے علاقوں میں سیلاب کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔
وزیراعظم نے تاکید کی کہ تمام متعلقہ ادارے فوری، جامع اور مؤثر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں، اور این ڈی ایم اے و پی ڈی ایم اے مسلسل ہنگامی رابطے برقرار رکھیں۔
انہوں نے این ڈی ایم اے کو ہدایت دی کہ وہ اپنی سرگرمیاں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، صوبائی حکومتوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ربط اور ہم آہنگی کے ساتھ انجام دے۔
اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ہدایت کی کہ عوام کو ممکنہ خطرات سے متعلق بروقت اور حقیقی وقت کی معلومات فراہم کی جائیں، تاکہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔
وزیراعظم نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان تمام علاقوں کی تفصیل میڈیا پر جاری کرے جہاں زیادہ، درمیانے یا کم درجے کے سیلاب کا امکان موجود ہے، تاکہ مکین وقت پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو سکیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام صوبائی انتظامیہ عوامی آگاہی مہم کو موثر انداز میں جاری رکھے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاری مکمل رکھے۔











