ایف بی آر اور آئی بی کے ٹیکس چوری و ذخیرہ اندوزی کیخلاف چھاپے، 178 ارب کی ریکوری

اسلام آباد ۔وزیراعظم شہباز شریف کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ دونوں اداروں کی مشترکہ کوششوں سے 178 ارب روپے کی وصولی ممکن ہوئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں کمپنیوں کے انضمام اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر سے واجبات کی مد میں ٹیکس آمدن میں 69 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس بیورو نے چینی، جانوروں کی خوراک، مشروبات، خوردنی تیل، تمباکو اور سیمنٹ جیسے شعبوں میں مجموعی طور پر 515 چھاپے مارے، جن کے نتیجے میں ٹیکس چوری کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے 10.5 ارب روپے کا اضافی ٹیکس وصول کیا گیا۔

علاوہ ازیں، مصنوعی قلت اور قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کے خلاف کارروائیوں میں انٹیلی جنس بیورو نے چینی، کھاد اور گندم کے شعبے میں 13 ہزار سے زائد آپریشنز کیے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں اپریل 2022 سے اب تک 99 ارب روپے سے زائد کی غیر قانونی طور پر ذخیرہ شدہ اشیاء کو تحویل میں لیا گیا۔

وزیراعظم نے ایف بی آر اور انٹیلی جنس بیورو کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکس آمدن میں اضافے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بحالی اور استحکام ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، اور ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں