پشاور۔دیامر اور خیبر پختونخوا کے تین اضلاع میں 14 سے 18 جولائی تک انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے مطابق، یہ مہم اپر کوہستان، لوئر کوہستان اور کولائی پالس کے اضلاع میں چلائی جائے گی۔ اس خصوصی مہم کے دوران ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
نیشنل ای او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مہم کے دوران خطرے سے دوچار یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ادارے نے والدین پر زور دیا کہ وہ ہر مرتبہ انسدادِ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو ضرور قطرے پلوائیں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ والدین بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کا مکمل کورس بھی یقینی بنائیں تاکہ دیگر بیماریوں سے بھی محفوظ رکھا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیو ویکسین بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کا محفوظ اور مؤثر ذریعہ ہے، لہٰذا معاشرے کے تمام افراد سے اپیل ہے کہ وہ اس قومی مہم میں بھرپور تعاون کریں اور پولیو کے مکمل خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔











