لندن۔اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کے درمیان دوبارہ بڑھتی ہوئی قربتوں کے آثار سوشل میڈیا پر نمایاں ہونے لگے ہیں۔
حال ہی میں ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر ساحلِ سمندر پر گزارے گئے لمحوں کی چند تصاویر شیئر کیں، جن میں مختلف مناظر شامل تھے۔ ایک تصویر میں وہ کسی شخص کے کندھے پر ہاتھ رکھے بیٹھی نظر آئیں، جس نے مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ شاید وہ شخص عاصم اظہر ہیں اور دونوں ایک بار پھر قریب آ رہے ہیں۔
مداحوں کی توجہ ایک اور دلچسپ نکتے پر بھی گئی — ہانیہ کے گلے میں موجود ایک پینڈنٹ، جو بظاہر بالکل ویسا ہی دکھائی دیتا ہے جیسا عاصم اظہر نے اپنی حالیہ عید کی تصاویر میں پہنا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین اس مماثلت کو محض اتفاق نہیں بلکہ ایک اشارہ سمجھ رہے ہیں، اور قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ شاید ہانیہ اور عاصم کے درمیان دوبارہ تعلقات قائم ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ دونوں فنکار 2019 میں ایک دوسرے کے انتہائی قریب تھے، تاہم 2020 میں ان کے درمیان بریک اپ ہو گیا تھا۔ بعد ازاں، عاصم اظہر نے اداکارہ میرب علی سے منگنی کر لی، جو اب ختم ہو چکی ہے۔
ایسے میں مداح ایک بار پھر ہانیہ اور عاصم کو ایک ساتھ دیکھنے کی خواہش کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کے بقول، یہ جوڑی نہ صرف سوشل میڈیا بلکہ دلوں پر بھی راج کرتی ہے، اور دونوں کی ممکنہ دوبارہ قربت نے ایک مرتبہ پھر لوگوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔











