پی آئی اے کی برطانوی فضائی حدود میں واپسی پاکستان کی فتح ہے، وزیراعظم

اسلام آباد ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی برطانیہ کی فضائی حدود میں دوبارہ شمولیت پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (جسے پہلے ٹوئٹر کہا جاتا تھا) پر جاری کردہ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ! اب پی آئی اے کی پروازیں ایک مرتبہ پھر برطانیہ کے لیے بحال ہو چکی ہیں، اور یہ پاکستان کے لیے ایک نمایاں کامیابی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کے سابق وزیر کے غیر ذمہ دارانہ اور نقصان دہ بیان نے ملک کی عالمی ساکھ کو شدید دھچکا پہنچایا، جس کے باعث یورپی یونین اور برطانیہ میں پی آئی اے پر چار سالہ پابندی عائد کی گئی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی بحالی سے نہ صرف برطانیہ میں مقیم پندرہ لاکھ پاکستانیوں اور پاکستان میں رہنے والے برطانوی شہریوں کے درمیان رابطے بحال ہوں گے بلکہ یہ پیشرفت دونوں ملکوں کے مابین تجارتی و سفارتی تعلقات کو بھی نئی توانائی بخشے گی۔

وزیراعظم نے اس کامیابی پر نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، ایوی ایشن ڈویژن اور تمام متعلقہ اداروں کو مبارکباد پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں