ٹڈاپ میگا کرپشن سکینڈل: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی تمام مقدمات سے بری

کراچی: وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے ٹڈاپ (TDAP) میگا کرپشن اسکینڈل میں چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو تمام مقدمات سے بری کر دیا ہے۔

وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) سے متعلق بدعنوانی کے کیسز کی سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کو 14 مقدمات سے باعزت بری کر دیا۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ دستیاب شواہد کے مطابق یوسف رضا گیلانی کے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں کوئی رقم منتقل نہیں ہوئی۔ عدالت نے مزید کہا کہ بارہ سال سے ملزمان دعائیں مانگتے تھک چکے ہیں، یہاں تک کہ ایک وعدہ معاف گواہ کو بھی ملزم بنا دیا گیا ہے۔ بعض مقدمات کا ریکارڈ اب ہائیکورٹ میں موجود ہے۔

یاد رہے کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف ٹڈاپ کرپشن اسکینڈل میں مجموعی طور پر 26 مقدمات درج کیے تھے، جن میں سے وہ پہلے ہی 12 کیسز میں بری ہو چکے تھے۔ آج عدالت نے انہیں مزید 14 مقدمات میں بھی بری کر دیا۔

واضح رہے کہ اس اسکینڈل کی ابتدائی تحقیقات 2009 میں شروع ہوئی تھیں، جب کہ ایف آئی اے نے ان مقدمات کا اندراج 2013 میں کیا۔ بعد ازاں، 2015 میں یوسف رضا گیلانی کو ان کیسز میں حتمی چالان کے ذریعے باقاعدہ ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں