خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

پشاور۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہوکر آنے والے ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، جہاں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں پر منتخب 25 ارکان اسمبلی سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں وفاقی وزیر سیفران انجینیئر امیر مقام، خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ سمیت اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

یادرہے کہ آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری ہونا تھی، تاہم پاکستان تحریک انصاف کے رکن شیر علی آفریدی نے کورم کی کمی کی نشاندہی کردی، جس کے باعث اسمبلی اجلاس کو 24 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا۔

اجلاس کے ملتوی ہونے سے سینیٹ انتخابات کا عمل بھی تعطل کا شکار ہو گیا، جس پر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور عدالت سے استدعا کی کہ مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان کی حلف برداری کے لیے کسی مجاز شخصیت کو مقرر کیا جائے۔

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے اپوزیشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو حلف لینے کا اختیار دیا تھا، جس کے بعد فیصل کریم کنڈی نے عدالتی احکامات پر مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں