نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم اجلاسوں کی صدارت کے سلسلے میں نیویارک پہنچ گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ بیان کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار سرکاری دورے پر نیویارک میں موجود ہیں، جہاں وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی زیر صدارت ہونے والے نمایاں اجلاسوں (Signature events) کی قیادت کریں گے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے جولائی کے مہینے کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال رکھی ہے۔
اپنے سرکاری قیام کے دوران، وزیر خارجہ نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی میں متعدد اہم دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ سینیٹر اسحاق ڈار “دو ریاستی حل” سے متعلق ایک بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی بھی کریں گے، جسے سعودی عرب اور فرانس مشترکہ طور پر منعقد کر رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم کی نیویارک آمد پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ان کا استقبال کیا۔











