راولپنڈی بڑی تباہی سے بچ گیا ،دہشت گرد گرفتار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا گیا، جہاں سیکیورٹی اداروں نے فتنہ الخوارج سے وابستہ ایک خطرناک دہشت گرد کو بارودی مواد سمیت گرفتار کر لیا۔

ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مطابق، سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران راولپنڈی میں دہشت گرد موسیٰ کو حراست میں لیا گیا، جو بھاری مقدار میں بارودی مواد اور ہتھیاروں کے ساتھ دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں مصروف تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد اہم اور حساس مقامات کی ریکی مکمل کر چکا تھا اور ان پر حملوں کا ارادہ رکھتا تھا۔ اس کی گرفتاری کے دوران بارودی مواد، دستی بم، فیوز وائر، سات فٹ لمبی تار، تین ڈیٹونیٹرز، ریموٹ کنٹرول بٹن، پرائمہ کارڈ، ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئیں۔

مزید تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ دہشت گرد ماضی میں کئی مرتبہ افغانستان کا سفر کر چکا ہے، جہاں اس نے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی اور فتنہ الخوارج کے ایک اہم کمانڈر سے مسلسل رابطے میں رہا۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ چند روز قبل اس نے حساس مقامات کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھیں، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری حرکت میں آئے۔

سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد سے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر اس کے سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں